محکمہ روینیو کےماتحت سب رجسٹرار آفس کلفٹن لوٹ مار کا گڑھ

0
199

کراچی: سندھ کے محکمہ روینیو کے ماتحت کلفٹن میں قائم سب رجسڑار آفس لوٹ مار کا گڑھ بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ روینیو کے ماتحت کلفٹن میں قائم سب رجسڑار آفس سے رشوت کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری کو اپنی جائداد کے سب پاور کے لئے ایک ہی آ فس میں چار ملازمین کو رشوت دینی پڑی۔

 ویڈیو میں یہ بھی دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ سب رجسٹرار کے جونئیر کلرک مظہر راجپر نے شہری کو جائداد کی منتقلی کی  سپر ارجنٹ، ارجنٹ سمیت تین کیٹیگریز  بتائیں اور رشوت کی مد میں شہری سے پینتیس ہزار روپے وصول کیے۔

ویڈیو میں فائل کی رسید جاری کرنے والا کلرک بھی رشوت مانگ رہا ہے اور شہری سے صرف رسید جاری کرنے کے ایک ہزار روپے وصول کیے جارہے ہیں جبکہ فائل کو ایک ٹیبل سے دوسری ٹیبل تک پہنچانے کے لئے آفس پیون کی جیب بھی گرم شہریوں کا  فرض ہے ۔

شہری جب تین جگہوں پر رشوت دے کر جانے لگا تو ایک اور کلرک نے کام ادھورا ہونے کی نشاندھی کی اور نادرا ویری فکیشن کی مد میں شہری سے پیسے لیے  ۔

دوسری جانب رشوت دینے کے کئی روز گزرنے کے باوجود فائل ٹرانسفر نہ ہوئی تو شہری نے سب رجسٹرار اسماعیل راہپوٹو سے ملاقات کی جس پر موصوف نے  رشوت کم دینے کا شکوہِ کیا۔

باخبر ذرائع کے مطابق وڈیو میں نظر آنے والے مظہر راجپر اور آفس پیون کے علاوہ باقی تمام  ملازمین سرکاری ملازم ہی نہیں ہیں۔ان غیر سرکاری اور پرائیوٹ ملازمین کو سب رجسٹرار اسماعیل راہپوٹو نے خصوصی طور پر شہریوں سے رشوت لینے اور سیٹنگ کرنے کا ٹاسک دے کرآفس میں بٹھایا  ہے۔

تاہم شہریوں نے حکومت سے کرپٹ مافیا کے خلاف فوری طور پر  کارروائی کرنے اور ان کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

LEAVE A REPLY