دبئی میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

0
285

دبئی: 15ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے  ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی دبئی میں ہوئی جس میں ایونٹ میں شامل 6 ٹیموں کے کپتانوں نے ٹیم کے ہمراہ شرکت کی۔

تقریب میں چھ ممالک کی نمائندگی کرنے والی ٹیموں کے کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اس وقت سب کافوکس ایشیاکپ پرہے اور ورلڈکپ کے لیے ہماراسفرجاری ہے ۔

کپتان سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم اچھی ہے ہم ایونٹ کی ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹونامنٹ میں اچھے میچزکھیلےجائیں گے۔

روایتی حریف بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ایشیاکپ بڑاایونٹ ہے اور اس میں ہم اچھا پرفارم کریں گے۔

روہت شرما کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ ہمیشہ پرجوش ہوتاہے اور میں پاکستان کے خلاف میچ کا انتظار کر رہا ہوں۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان اینجلومیتھیوز کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں شامل تمام ٹیمیں ایک سے بڑھ کرایک ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 15ستمبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 16ستمبر کو کوالیفائر کے خلاف کھیلے گا ۔

ایونٹ کا تیسرا میچ 17ستمبر کو ابو ظہبی میں افغانستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا ۔

بھارت ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 18ستمبر کو کوالیفائر کے خلاف کھیلے گاجبکہ راؤنڈ مرحلے کا آخری میچ بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

19 ستمبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

امسال ایشیا کپ میں پہلی مرتبہ سپر فور مرحلہ متعارف کرایا گیا ہے ۔ ایونٹ میں شامل چھ ٹیموں کو اے اور بی گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔

سپر فور مرحلے کے تحت دونوں گروپ کی 2 بہترین ٹیموں کا ایک دوسرے سے ٹاکرا ہوگا اور اس مرحلے میں ہر ٹیم کل 3 میچ کھیلے گی۔ سپر فور مرحلے کی 2 بہترین ٹیمیں دبئی میں 28ستمبر کو فائنل میں ٹکرائیں گی ۔

ایونٹ میں پاکستان ، بھارت ، سری لنکا، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور افغانستان کی ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے ایک دوسرے سے مد مقابل ہوں گی۔


گروپ اے میں پاکستان ، بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ایونٹ کے میچز دبئی اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔

LEAVE A REPLY