خود پر لگے الزامات کا جواب عدالت میں دوں گی، علیمہ خان

0
166

ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ان سے سخت سوالات صرف اور صرف اس لیے کیے  جارہے ہیں کیونکہ وہ بریکنگ نیوز میں ہیں، تاہم وہ اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کا جواب عدالت میں دیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی جائیداد اور ایمنسٹی اسکیم کے تحت لیے گئے استثناء کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا، جو آج عدالت عظمیٰ میں پیش کی جائیں گی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان کا تین رکنی بینچ پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کر رہا ہے۔

سماعت کے دوران وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی بیرون ملک جائیداد کا ذکر بھی چھیڑا گیا تو ایف بی آر نے اس حوالے سے محتاط ومبہم رویہ اختیار کیا۔

چیف جسٹس نے چیئرمین ایف بی آر سے استفسار کیا کہ کیا علیمہ خان کی کوئی متحدہ عرب امارات میں کوئی جائیداد ہے جس پر چیئرمین ایف بی آر نے جواب دیا کہ ابھی اس حوالے سے کوئی کنفرمیشن نہیں۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ اگر انہوں نے ایمنسٹی اسکیم میں کوئی جائیداد ڈکلیئر کی ہے تو وہ ایک کانفیڈنشل معاملہ ہے جس کی تفصیلات کورٹ کے حکم پر پیش کردی جائیں گی۔

چیف جسٹس نے چیئرمین ایف بی آر کو حکم دیا کہ ہمیں علیمہ خان کی جائیداد کی تمام تر تفصیلات فراہم کریں، ہم خود تمام تفصیلات کا جائزہ لیں گے جب کہ عدالت نے علیمہ خان کے ٹیکس کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔

LEAVE A REPLY