نقیب اللہ محسود قتل کیس، واحد چشم دید گواہ لاپتہ

0
172

کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں تفتیشی افسر نے انکشاف کیا ہے کہ نقیب اللہ محسود قتل کیس کے واحد چشم دید گواہ کو لاپتہ کردیا گیا ہے

 نقیب اللہ قتل کیس میں راؤ انوار اور دیگر ملزمان کی ضمانت منسوخی کی درخواست کی سماعت ہوئی تو تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان احمد خان حاضر ہوئے۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان نے واقعہ کے واحد چشم دید گواہ کو لاپتہ کرادیا، ملزمان کے اثرورسوخ کے باعث وہ چشم دید گواہ پہلے ہی منحرف ہو چکا تھا۔

ڈاکٹر رضوان نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ملزمان کی ضمانتیں منسوخ نہ کی گئیں تو سب گواہ منحرف ہوسکتے ہیں، یہ لوگ گواہوں کو ڈرا دھمکا کر بیان بدلنے پر بھی مجبور کرسکتے ہیں۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ انتہائی موثر ڈیجیٹل شہادتوں سے ملزمان کو سزا ممکن ہے، عدالت راؤ انوار و دیگر ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے سے متعلق مناسب حکم صادر فرمائے۔

یاد رہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے ان ملزمان کی ضمانت منظور کی تھی اور نقیب اللہ محسود کے والد نے ہائی کورٹ میں راؤ انوار اور دیگر ملزمان کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی ہے۔

LEAVE A REPLY