پشاور: پولیو قطرے پینے سے 60 بچوں کی طبیعت خراب

0
61

پشاور:خیبرپختونخوا کے شہر پشاور کے مضافاتی علاقے بڈھ بیر ماشو خیل میں مبینہ طور پر پولیو کے قطرے پینے سے 60 سے زائد بچوں کی حالت خراب ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ماشوخیل کے اسکول میں پولیو کے قطرے پینے سے 60 سے زائد بچوں کی حالت خراب ہوگئی ہے جنہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے۔

اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صبح 9 بجے پولیو ٹیم نے بچوں کو قطرے پلائے تھے جس کے بعد بچوں کی حالت بگڑ گئی۔

پولیو کمیونٹی آفیسر صباحت کا کہنا ہے کہ بچوں کی حالت پولیو ویکسین کے باعث خراب نہیں ہوئی، پولیو محفوظ ویکسین ہے اسکا سائیڈ ایفیکٹ ممکن نہیں بچوں کی حالت گرمی کی وجہ سے بگڑی ہوگی۔

ترجمان ایم ایچ سی نے بتایا ہے کہ بچوں کو قے اور سر چکرانے کی شکایت ہے لیکن بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دوسری جانب بچوں کے مشتعل لواحقین نے ماشو خیل ہسپتال پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ شروع کردی، اسپتال کے دفاتر میں بھی آگ لگادی۔

ادھر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت فوراً معاملے کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرے، بچوں کی جلد صحتیابی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔

LEAVE A REPLY