حضرت لعل شہباز ﻗﻠﻨﺪﺭؒ کے 767 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز کل سے ہوگا

0
51

سہیون شریف: پاکستان کے صوبہ سندھ میں سیہون کے مقام پر صوفی بزرگ لعل شہباز قلندﺭؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کل سے شروع ہورہی ہیں، جو 24 اپریل سے 28 اپریل تک جاری رہیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سیہون میں مشہور صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کے 767 ویں عرس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز کل مغرب کے بعد ہوگا، عرس میں شرکت کیلئے ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

تقریبات کا آغاز مزار پر چادر چڑھا کر کیا جاتا ہے، اس موقع پر ناصرف سندھ سے تعلق رکھنے والے زائرین موجود ہوتے ہیں، بلکہ ملک کے کونے کونے سے انگنت عقیدت مند مزار پر حاضری دینے آتے ہیں۔

حضرت عثمان مروندی المعروف لعل شہباز قلندر کا عرس ہر سال 18 شعبان کو شروع ہو کر 21 شعبان تک جاری رہتا ہے۔

عرس کے موقع پر محکمہ اوقاف کی جانب سے زائرین کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، سندھ بھر کی طرح سیہون میں شدید گرمی سے بچاؤ کیلئے زائرین کیلئے محکمہ اوقاف اور حکومت سندھ کی جانب سے ہیٹ اسٹوک کیمپ بھی لگائے گئےہیں۔

عرس کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو جاری احکامات میں کہا ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے جملہ اقدامات پرعمل درآمد کو انتہائی مستعد اور الرٹ رہتے ہوئے یقینی بنایا جائے۔

LEAVE A REPLY