ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان نہیں آنا چاہتی،ترجمان دفتر خارجہ

0
75

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی کے پہلوؤں کو دیکھ رہی ہے لیکن اطلاعات کے مطابق وہ خود پاکستان نہیں آنا چاہتی ہیں۔

برطانوی جریدے دی انڈیپینڈنٹ اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نےکہا کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کی مستقبل میں ملاقات ہوئی تو عافیہ صدیقی اور شکیل آفریدی کے تبادلے پر بات ہو سکتی ہے تاہم میری اطلاعات کے مطابق عافیہ خود پاکستان نہیں آنا چاہتیں۔

انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں گذشتہ برس ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کر کے امریکہ سے اس معاملے کو اٹھانے کے درخواست بھی کی تھی۔

دوسری جانب ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن نے کہاکہ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ عافیہ خود پاکستان آنا نہیں چاہتیں تو یہ مکمل طور پر بے بنیاد بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ رواں ماہ ہیوسٹن میں موجود قونصل خانے کے حکام نے عافیہ سے ملاقات کی تھی۔

ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ ‘خاندان کو لگا کہ ان کی بہن کسی وقت پاکستان آنے والی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ امریکہ سے بات چیت جاری ہے اور جنوری سے مارچ کے دوران کوئی خوشخبری ملے گی لیکن اب پھر خاموشی چھا گئی ہے۔

’عافیہ نے مجھ سے فون پر کہا کہ وہ ہر قسم کے دستاویز پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں بس ان کو کسی طرح جیل سے نکالا جائے۔‘

LEAVE A REPLY