واحد ٹی ٹوئنٹی میچ : انگلینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سےہرا دیا

0
119

کارڈف: واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق کارڈف کے صوفیہ گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابراعظم نے کیا لیکن 16 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان آؤٹ ہو گئے جب کہ امام الحق بھی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابراعظم اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور وکٹ کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 103 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

حارث سہیل 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ بابراعظم 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔فہیم اشرف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ عماد وسیم 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں انگلینڈ کو 174 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 2 جب کہ کرن اور کرس جارڈن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کے 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز جیمز وینس اور بین ڈکٹ نے کیا تاہم 21 کے مجموعی اسکور پر ڈکٹ 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دوسری وکٹ 66 کے مجموعی اسکور پر گری جب وینس 36 رنز بناکر پویلین لوٹے،  جوئے روٹ اور این مورگن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت انگلش ٹیم نے آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا۔

کپتان مورگن 57 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جب کہ جوئے روٹ 47 اور بین ڈکٹ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کی جانب سے عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جب کہ ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے محمد حسنین کوئی وکٹ نہ حاصل کرسکے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی اور 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی جس کے بعد قومی ٹیم وہیں قیام کرتے ہوئے ورلڈکپ ایونٹ کے میچز بھی کھیلے گی۔

ورلڈکپ 2019 کا باقاعدہ آغاز میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان 30 مئی کو افتتاحی میچ سے ہوگا اور قومی ٹیم ورلڈکپ تک لندن میں ہی قیام کرے گی۔

LEAVE A REPLY