جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے آصف زرداری کو 9 مئی کو طلب کرلیا

0
109

اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے تفتیش کیلئے سابق صدر آصف زرداری کو 9 مئی کو طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر کے خلاف ایک اور ریفرنس تیار کرلیا ہے جس میں آصف زرداری کو پوچھ گچھ کیلئے 9 مئی بروز جمعرات کو طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ نیب کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہےکہ ہریش اینڈ کمپنی نے سندھ اسپیشل انیشی ایٹو سے واٹر سپلائی کا ٹھیکا لیا تھا لیکن اس منصوبے پر کوئی کام نہیں ہوا بلکہ کمپنی کے اکاؤنٹ سے نوڈیرو ہاؤس کے اخراجات چلائے جاتے رہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری کو ہریش اینڈ کمپنی کیس میں بلایا گیا ہے جس کیلئے انہیں جے آئی ٹی کی جانب سے طلبی کا نوٹس بھجوادیا گیا ہے۔

نیب حکام کے مطابق ہریش اینڈ کمپنی پارک لین کمپنی کی فرنٹ کمپنی تھی اور اس کیس میں قومی خزانے کو 60 ملین روپے کا نقصان ہوا۔ سابق سیکریٹری اسپیشل انیشی ایٹو اعجاز احمد خان اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور جعلی اکاؤنٹس کیس کے سلسلے میں پہلے بھی کئی  بار نیب کےسامنے پیش ہوچکے ہیں جبکہ دونوں نے گرفتاری سے بچنے کیلئےعبوری ضمانتیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔

LEAVE A REPLY