گزشتہ ایک سال پاکستان کے استحکام کا سفر تھا: ڈاکٹر فردوس

0
43

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے کے سلسلے میں ایک تقریب اسلام آباد میں ہوئی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے۔

انہوں نےکہا کہ پوری قوم بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے خلاف متحد اور سراپا احتجاج ہے۔

معاون خصوصی نے یقین دلایا کہ حکومت کشمیریوں کو آزادی کا مقصد حاصل کرنے کے سلسلے میں مدد دینے کےلئے ہر اقدام کرے گی۔

ملکی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جب حکومت نے اقتدار سنبھالا تو معاشی صورتحال نازک تھی۔

 نعیم الحق نے کہا کہ پاکستان نے دوست ممالک سے مدد طلب کی اور اقتصادی صورتحال سے نمٹنے کےلئے کفایت شعاری کے متعدد اقدامات کئے ہیں۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نےکم آمدنی والے افراد کےلئے ہاوسنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے بھی بڑے منصوبے شروع کئے ہیں۔

اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن بہت اہم ہےکیونکہ آج حکومت کا ایک سال مکمل ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ دن حق خودارادیت کی جدوجہد کرنے والے کشمیری بھائیوں بہنوں  کےلئے وقف ہے۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نے ایک سال کے مختصر عرصے میں مضبوط بنیاد، سخت جدوجہداور دیانتداری سے سمت درست کی ہے۔

 فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے بائیس سال کی سیاسی جدوجہد کے بعد انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی اور ان  کا پاکستان کو بدلنے کا وژن ریاست مدینہ کے اصولوں پرمبنی ہے جن میں میرٹ، انصاف، قانون کی حکمرانی ،سماجی بہبود اورکفایت شعاری شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی وژن کے تحت تمام وزارتوں اور اداروں میں اصلاحات کی جارہی ہیں اور وزیراعظم خود حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی نگرانی کررہے ہیں۔

 انہوں نےکہا کہ محکمہ ڈاکخانہ جات، شاہراہوں کے قومی ادارے، ریلوے اور دوسرے سرکاری محکموں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گزشتہ سال 18 اگست سے شروع ہونے والا سفر آج پاکستان کے استحکام کا سفر ہے اور اگلا سال اس دن یہ پاکستان کی تعمیر کے سفر کا سال ہوگا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنی وزارت کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی وی میں اصلاحات کی گئی ہیں اور اب یہ منافع بخش ادارہ بن رہا ہے۔

 انہوں نےکہا کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے خبروں کے عالمی اداروں سے روابط میں اضافہ کیا جارہا ہے تاکہ اس سے بیرون ملک پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوسکے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم اپنی پالیسیوں اور اصلاحات سے ریڈیو پاکستان کو بھی ایک منافع بخش ادارہ بنائیں گے تاکہ 22 کروڑ عوام کی حقیقی آواز بنے۔

ریڈیو پاکستان

LEAVE A REPLY