تھر میں این ای ڈی کیمپس کے قیام سے متعلق اجلاس

0
80

کراچی: وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدات تھر میں این ای ڈی یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تھر انسٹیٹویٹ آف انجنیئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ٹی آئی ای ایس ٹی) قائم کیا جائے گا جس میں  داخلوں کا آغاز بھی اسی سال سے کردیا جائیگا۔

اجلاس کے دوران وزیرِاعلیٰ سندھ کو این ای ڈی یونیورسٹی کے وی سی پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے تھر میں ٹی آئی ای ایس ٹی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

انہوں نے وزیرِاعلیٰ کو بتایا کہ یونیورسٹی کیمپس تھر میں 18 مختلف شعبوں میں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگریاں دیگی۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اساتذہ کی آسامیوں پر تھر کے رہائشی افراد کو ترجیح دی جائے گی جبکہ ٹی آئی ای ایس ٹی کی فکیلٹی بہترین ہو تاکہ انجنیئرز اورٹیکنیشنز پیدا ہوسکیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر ملک کا مستقبل ہے اور ٹی آئی ای ایس ٹی کا قیام اس کی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تھر میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا جبکہ آج انکے کیے گئے وعدے کی تکمیل ہو رہی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی روح سکون محسوس کر رہی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے 20 سالوں میں 20000 میگاواٹ بجلی کوئلے سے پیدا ہو رہی ہوگی اورتھر میں اتنی اکنامک ایکٹوٹی ہوگی کے یہ یونیورسٹی دنیا کی بہترین جامعات میں شامل ہو جائے گی۔

وزیرِاعلیٰ سندھ نے اس موقع پر تھر انسٹیٹویٹ آف انجنیئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کو 300 ایکڑ زمین دینے سمیت جامعہ میں انڈسٹریل پارک قائم کرنے، شاگردوں کیلیے وظائف اور اساتذہ کو اچھی تنخواہ اور مراعات دینے کا فیصلہ بھی کیا۔

LEAVE A REPLY