سینیٹ چیئرمین نے یو اے ای کا دورہ احتجاجاً منسوخ کردیا

0
90

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازے جانے پر سینیٹ چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے اپنا یواے ای کا دورہ احتجاجاً منسوخ کردیا۔

یاد رہے کہ سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی کو گزشتہ شب پارلیمانی وفد کے ہمراہ چار روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات کیلیے روانہ ہونا تھا۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق یو اے ای کی حکومت کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیے جانے کے بعد انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کردیا ہے۔

سیکریٹریٹ نے مزید بتایا کہ چئیرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری مسلمانوں پر ظلم و بربریت کررہی ہے اور مودی سرکار نے مقبوضہ وادی میں گزشتہ کئی روز سے کرفیو نافذ کررکھا ہے۔

صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ ایسے حالات میں میرے دورہ متحدہ عرب امارات سے کشمیری بھائیوں کی دل آزاری کا سبب بنے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یو اے ای کے مودی کو ایوارڈ سے نوازے جانے کے فیصلے سے انہیں تکلیف ہوئی اور ایسے میں جبکہ ہمارے کشمیری بھائی محصور ہوں میں ایسے ملک کا دورہ نہیں کرسکتا۔

محمد صادق سنجرانی نے بتایا کہ میں نے اپنے فیصلے سے یو اے ای کے سفارتخانے کو آگاہ کردیا ہے۔

LEAVE A REPLY