ایم ایس اور سول سرجن سول اسپتال میرپورخاص معطل

0
70

میرپورخاص: سندھ حکومت نے میرپورخاص سول اسپتال کے ایم ایس اور سول سرجن کو معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کمسن بچے کی لاش کو گھر لے جانے کیلیے ایمبولینس نہ دینے کے معاملے پر سندھ سرکار نے ایم ایس ڈاکٹر محمد اسلم اور سول سرجن خلیل میمن کو معطل کردیا اور اس ضمن میں وزارتِ صحت کی جانب سے نوٹفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

سندھ سرکار نے یہ فیصلہ گزشتہ روز پیش آئے واقعے کی ابتدائی رپورٹ آنے کے بعد کیا ہے تاہم اس ضمن میں حتمی فیصلہ حتمی رپورٹ آنے پر ہی کیا جائیگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سول اسپتال انتظامیہ کے بچے کی لاش کو لے جانے کیلیے ایمبولینس دینے سے انکار پر لاش کو موٹرسائیکل پر لے جاتے ہوئے بچے کے والد اور چچا بھی روڈ حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سول اسپتال انتظامیہ نے ایمبولینس میں پیٹرول ڈلوانے کیلیے بچے کے والد سے دوہزار روپے مانگے اور نہ دینے پر ایمبولینس دینے سے انکار کردیا۔

ایمبولینس ملنے سے انکار پر بچے کے والد اور چچا لاش کو موٹرسائیکل پر گھر لے جارہے تھے کے راستے میں حادثہ پیش آیا جس کے باعث بچے کا والد کیول اور چچا رمیش دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

دوسری جانب حادثے کے فوراً بعد ایمبولینس نے پہنچ کر لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلیے اسپتال منتقل کیا اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شہزور گاڑی کو تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔

LEAVE A REPLY